” ٹیلی ویژن کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ لوگوں کو اس کے سامنے بیٹھ کر اپنی آنکھیں اس کی اسکرین پر جمائے رکھنا پڑتی ہیں۔ ایک عام امریکی خاندان کے پاس ایسا کرنے کے لیے وقت نہیں ۔اس وجہ سے اگر کوئی اور نہ ہو تو ،ٹیلی ویژن کبھی بھی ریڈیو کا سنجیدہ حریف نہیں بن سکتا“۔ یہ تبصرہ نیو یارک ٹائمز نے 1939 میں نیو یارک میں ہونے والے عالمی میلے میں امریکی عوام کے ٹیلی ویژن سے متعارف ہونے کے بعد کیا ۔ لیکن وقت نے اخبار کے اس تبصرے کو غلط ثابت کردیا۔ کیونکہ آ ج وہی امریکی عوام جن کے بارے میں نیو یارک ٹائمز کا یہ کہنا تھا۔ کہ اُن کے پاس ٹیلی ویژن دیکھنے کے لیے وقت نہیں اُنھوں نے 2019 کی پہلی سہ ماہی میں روزانہ اوسطً 4 گھنٹے 27 منٹ ٹی وی دیکھا۔ جبکہ اس وقت12 کروڑ 6 لاکھ امریکی گھروں میں ٹی وی سیٹ موجود ہے۔ یعنی 30 کروڑ73 لاکھ امریکیوں کو اپنے گھروں میں یہ سہولت دستیاب ہے۔
ایسی صورتحال صرف اکیلے امریکہ ہی کی
نہیں بلکہ پوری دنیا اس وقت ٹی وی کے سحر میں جکڑی ہوئی ہے۔ یوروڈیٹا ٹی وی ورلڈ
وائڈ (Eurodata TV Worldwide
) کے مطابق 2018 میں دنیا کے94 ممالک (جن کا مطالعہ کیا گیا) میں اوسطً 2 گھنٹے 55
منٹ ٹی وی دیکھا گیا۔ یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ ایک مہینے میں ساڑھے تین دن متواتر
بغیر کسی وقفے کی طوالت پر مبنی وقت ٹی وی دیکھنے پر صرف کیا جاتا ہے۔ کیوں کہ
2017 میں دنیا کے1.63 ارب گھروں میں جو کہ عالمی سطح پر 80 فیصد گھر بنتے ہیں ٹی
وی سیٹ موجود تھا۔ ترقی یافتہ ممالک کے تقریباً تمام گھروں میں اور ترقی پذیر
ممالک کے 69 فیصد گھر یہ سہولت رکھتے ہیں اور دنیا کے کونے کونے میں ٹی وی نشریات
کے سگنلز پہنچ رہے ہیں۔ اپنی اس قدر رسائی کی وجہ سے ٹیلی ویژن نے دنیا کے ہر
معاشرے میں گھر کے ایک فرد کی حیثیت حاصل کر لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کا عمل دخل
ہر سطح پر ہونے والی فیصلہ سازی میں بہت بڑھ گیا ہے۔ جس کے اعتراف کے طور پر اقوام
متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 21 نومبر کو ٹیلی ویژن کے عالمی دن کے طور پر منانے کا
اعلان 17 دسمبر1996 کو کیا۔ کیونکہ لوگوں کو مطلع کرنے، عوامی آرا کو متاثر کرنے
اور اُس کی تشکیل میں ٹیلی ویژن کو ایک اہم ذریعہ کے طور پر دنیا بھر میں تسلیم
کیا گیا ہے۔
پاکستان بھی ٹی وی کے طلسم کے حصار میں
آنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ جہاںاپریل 2018 میں گیلپ پاکستان کی طرف سے جاری
کردہ اعدادوشمارکے مطابق ملک میں فی ناظر روزانہ اوسطً تقریباً دو گھنٹے (117 منٹ)
ٹی وی دیکھتا ہے۔ اگر ہم پاکستان میں ٹی وی دیکھنے کے اوسط دورانیہ کا عالمی سطح
پر موازنہ کریں تو لندن کے ادارےZenith کی رپورٹ ”میڈیا کنزمشن فورکاسٹ2016 “ (Media
Consumption Forecasts 2016) میں موجود اعدادوشمار کے تجزیہ کے مطابق
دنیا میں سب سے زیادہ ٹائم ٹی وی دیکھنے پر سعودی عرب میں صرف کیا جاتا ہے۔جہاں
2016 میں اوسطً 404.7 منٹ روزانہ فی ناظر نے ٹی وی دیکھا ۔دوسرے نمبر پر بو سنیا
ہرزگوینیا تھا جہاں یہ دورانیہ 333.2 منٹ روزانہ تھاجبکہ رومانیہ میں یہ طوالت
322.5 منٹ روزانہ تھی یوں وہ تیسرے نمبر پر تھا۔ پاکستان کا اس عالمی درجہ بندی
میں 47 واں نمبر تھا۔سب سے زیادہ انفرادی اوسط طوالت پر مبنی ٹی وی دیکھنے والے
پہلے دس ممالک میں سے تین کا تعلق اسلامی دنیا سے تھا۔ جن میں سعودی عرب پہلے،
کویت 7 ویں اور متحدہ عرب امارات نویں نمبر پر تھا۔
گیلپ پاکستان کے 2017 ءمیں ہونے والے میڈیا سروے
کے مطابق67 فیصد پاکستانیوں نے ٹی وی دیکھنے کا اقرار کیا۔ جن میں سے 74 فیصد با قاعدہ ناظر تھے اور 21 فیصد کبھی کبھار اور5
فیصد شاذوناد رٹی وی دیکھتے تھے۔ اسی طرح 2017-18 میں ملک میں ہونے والے پاکستان ڈیمو گرافک
اینڈ ہیلتھ سروے کے مطابق ملک میں 15 سے 49 سال کی عمر کی شادی شدہ خواتین (ever-married
women ) کا 50.6 فیصد اور اس ایج گروپ کے شادی شدہ مردوں (ever-married
men ) کا 55.4 فیصد ہفتہ میں کم از کم ایک بار ٹی وی دیکھتے ہیں۔ دیہی
علاقوں کی خواتین میں یہ تناسب 38.9 اور شہری علاقوں میں 70.7 فیصد ہے۔ اسی طرح
شہروںمیں رہنے والے مردوں میں ہفتہ میں کم از کم ایک بار ٹی وی دیکھنے کی شرح 68.3
فیصد اور دیہات میں 46.8 فیصد ہے۔ خواتین میں سب سے زیادہ ٹی وہ دیکھنے کی شرح کا
تعلق اسلام آباد سے ہے جو 77.5 فیصد ہے ۔جبکہ سب سے کم خیبر پختونخواہ میں 26.9
فیصد ہے۔ اسی طرح مردناظرین کا سب سے زیادہ تناسب 81.8 فیصدبھی اسلام آباد سے ہی
ہے اور سب سے کم 34.1 فیصد بلوچستان سے تعلق رکھتا ہے۔ملک میں ٹی وی سیٹس کے حوالے
سے صورتحال پی ڈی ایچ سروے کے مطابق یہ ہے کہ سال 2017-18 کے دوران ملک کے 62.8 فیصد گھروں میں ٹیلی
ویژن سیٹ موجود ہے۔ شہروں کے86.4 فیصد اور دیہات کے48.1 فیصدگھروں میں یہ سہولت
دستیاب ہے۔
ٹی وی اپنے ناظرین کے لیے اطلاعات،
معلومات اور تفریح کا ایک اہم ذریعہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایڈورٹائزرز کے لیے اپنے
کاروبار یا پروڈکٹ کی تشہیر اور اپنی آرگنائزیشن کے لیے آمدن کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
اس کے علاوہ بلاسطہ اور بلواسطہ طور پر یہ صنعت کروڑوں لوگوں کو روزگار فراہم کرتی
ہے۔ ٹی وی کی معاشی اہمیت کا اندازہ ان اعدادوشمار سے باخوبی ہوتا ہے کہ2016 میں
عالمی سطح پر ٹی وی انڈسٹری کا ریوینیو366 ارب بر طانوی پاﺅنڈ سے
زیادہ تھااورگزشتہ سال عالمی سطح پر ٹی وی پر چلنے والے اشتھارات کی مجموعی مالیت
200 ارب ڈالر تھی۔پاکستان میں 2017-18کے دوران ٹی وی پر
38 ارب روپے کے اشتھارات نشر ہوئے جو اشھارات کی کل مالیت کا 46 فیصد تھے۔ملک میں
ٹی وی پر پیش ہونے والے اشتھارات کا بجٹ 2002 میں محض 2.66 ارب روپے تھا۔ یہ وہ
وقت تھا جب ملک میں پرائیویٹ سٹیلائیٹ چینلز کے لئے ٹی وی انڈسٹری کے دروازے کھولے
گئے۔ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگو لیڑی اتھارٹی کا قیام عمل میں آیا اور 2003 میں
پیمرا نے نجی شعبہ میں 4 سٹیلائیٹ ٹی وی چینلز کو لائسنس جاری کئے جس سے مذکورہ
سال ٹی وی اشتھارات کی مالیت 3.28 ارب روپے ہوگئی اور 2016-17 تک یہ اپنی بلند ترین سطح 42 ارب روپے تک
پہنچ گئی تھی۔
پیمرا کے آنے کے بعد گزشتہ15 سالوں کے
دوران ملک کے الیکٹرانک میڈیا کے منظر نامے میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ یہ شعبہ
پاکستان کے بڑے شہروں میں براڈکاسٹنگ انفراسٹرکچر کی تعمیر اور آلات کی تنصیب کے
علاوہ الیکٹرانک میڈیا میں کیریئر کے حصول کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے روزگارکے
بڑے مواقع پیدا کرنے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ اکنامک سروے آف پاکستان2018-19
کے مطابق اس وقت پاکستان کی الیکٹرانک میڈیا انڈسٹری میں 3.5 ارب ڈالرکی مجموعی
سرمایہ کاری کا تخمینہ لگا یا گیا ہے اور یہ شعبہ 2 لاکھ سے زائد لوگوں کو صحافت،
منیجمنٹ اور تکنیکی شعبوں میں روزگار فراہم
کر ررہا ہے۔ علاوہ ازیں اس سرمایہ کاری سے میڈیا پروڈکشن ہاوسز ، اشتہاری ایجنسیوں
کے کام کو بڑھانے اور پرفارمنگ آرٹ کو فروغ دینے پر بھی کئی گنا اثر پڑا ہے۔ملک
میں اس وقت 88 سٹیلائیٹ ٹی وی چینلز کے لائسنسز کا اجرا ہو چکا ہے۔ جن میں سے 26
نیوز اور حالاتِ حاضرہ کے ، تفریح (انٹرٹینمنٹ) کے 37 ، علاقائی زبانوں کے18 ، اسپیشلائزڈ
سبجیکٹ کے04 ، صحت کا ایک، کھیل کا ایک اور زراعت کا بھی ایک لائسنس جاری کیا گیا
ہے۔جبکہ کیبل ٹی وی کے4007 لائسنسز اور انٹرنیٹ پروٹوکول ٹی وی کے 05 لائسنسز کا
اجرا ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ وطن عزیز میں 31 مارچ2019 تک رجسٹرڈ ٹی وی سیٹس کی
تعدادایک کروڑ 91 لاکھ38 ہزار 6 سو 93 ہے۔ یعنی ہمارے دیس میں اوسطً گیارہ افراد
کے لیے ایک ٹی وی سیٹ موجود ہے۔ جبکہ ٹی وی ناظرین کی تعدادپاکستان کے سالانہ
منصوبہ 2017-18 کے مطابق 13 کروڑ 50 لاکھ ہے یعنی ملک کی65 فیصد آبادی ۔جس میں سے
7 کروڑ 40 لاکھ کیبل اور سٹیلائٹ کے ویورز ہیں جبکہ روایتی ٹی وی اینٹینا کے ذریعے
ٹی وی دیکھنے والوں (Terrestrial viewership) کی تعداد 6 کروڑ 10 لاکھ ہے۔
ٍٍ تکنیکی منظر نامہ میں بڑے پیمانے پر
تبدیلیوں کے باوجود ٹی وی آج بھی کسی نہ کسی شکل میں روزمرہ زندگی کی ایک اہم
ضرورت بنا ہوا ہے۔ کیونکہ نئی ٹی وی ٹیکنالوجیز تیزی سے متعارف ہو رہی ہےں اور
پچھلی دو دہائیوں کے دوران متعدد ٹیکناجیز مارکیٹ میں داخل ہوئیں اور اس کے بعد
نئی سے نئی اپنی جگہ لے رہی ہیں۔ اینا لاگ ٹریسٹیریل ٹی وی (Analog
terrestrial TV ) نے 2000 کی دہائی میں کے اوائل میں مارکیٹ
پر غلبہ حاصل کیا۔ لیکن جلد ہی 2010 کی دہائی کے وسط میں ڈیجیٹل کیبل ٹی وی نے جگہ
لے لی۔ جسے ڈائریکٹ ٹو ہوم DTH اور ڈیجیٹل ٹریسٹوریل ٹیلی ویژن DTT
اور دیگر بہت سی ٹیکنالوجیز کے ذریعہ چیلنج کیا جارہا ہے۔ اور2021 تک توقع کی
جارہی ہے کہ ڈیجیٹل ٹیلویژن دنیا کے 98 فیصد گھروں میں ہوگا۔ اسی طرح صرف نشریاتی
ٹیکنالوجی ہی ترقی پذیر نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیلی ویژن ہارڈ وئیر میں بھی ترقی
ہوئی ہے۔ کیونکہ ٹیلویژن کی اصل تعریف تیزی سے بدل رہی ہے۔ اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹس
کی تیز رفتار نشوونما نے ٹی وی کا روایتی تصور تبدیل کر دیا ہے۔اسی وجہ سے اب
سمارٹ ٹی وی سیٹس جواپنے حجم میں کمی کے ساتھ ساتھ بہت سی دیگر سہولیات جس میں
انٹرنیٹ سے رابطہ کی سہولت نمایاں ہے فراہم کر رہے ہیں اور مارکیٹ میں تیزی سے
مقبول ہو رہے ہیں ۔ 2018 میں دنیا میں فروخت ہونے والے 70 فیصد ٹی وی سیٹس سمارٹ
ٹیکنالوجی کے حامل تھے۔
لیکن اس تمام تر پیش رفت کے باوجود
موبائل ڈیوائسز (سمارٹ فونز، ٹیبلٹس اور لپ ٹاپس) ٹی وی سیٹس اوران سیٹس پر نشریات
کی viewershipکے لیے
ایک سنجیدہ خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔کیونکہ Zenith لندن کے مطابق دنیا میں اس وقت روزانہ اوسطً
ایک سو 30 منٹ موبائل انٹر نیٹ ڈیٹا استعمال کیا جارہا ہے جو2015 میں 80 منٹ
تھا۔موبائل انٹرنیٹ اور براڈبینڈ انٹرنیٹ سے منسلک موبائل ڈیوائسزکی مدد سے دنیا
بھر میں اوسطً روزانہ 136 منٹس سوشل میڈیا پر ٹائم صرف کیاجارہا ہے جو 2012 میں 90
منٹ تھا۔یوں اب موبائل ڈیوائسز کے استعمال پرصرف ہونے والا زیادہ سے زیادہ وقت
دیگر ابلاغی ذرائع(اخبارات، میگزین، ریڈیو، سینما،ٹی وی) پر خرچ ہونے والے وقت کو
کھا رہا ہے اور ٹی وی اس کا زیادہ شکارہورہا ہے۔ Zenith
کی رپورٹ Media
Consumption Forecasts 2016 کے مطابق 2010 میں دنیا میں اوسطً190.1 منٹ
ٹی وی دیکھا جاتا تھا۔ جس کے2018 تک کم ہوکر 170.1 منٹ روزانہ کی پیش گوئی رپورٹ
میں کی گئی ہے۔اسی طرح اخبارات 20.1 منٹ سے کم ہوکر11.9 منٹ، میگزین 11.7 سے 5.2
منٹ، ریڈیو 60 منٹ سے کم ہوکر52.2 منٹ اور سنیما 1.7 منٹ سے کم ہوکر1.2 منٹ اوسطً
روازنہ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پاکستان بھی اس رجحان کے زیراثر ہے
کیونکہ ملک میں اس وقت 93.9 فیصد گھروں میں موبائل فون موجود ہے۔ شہروں کے97.5
فیصد اور دیہہ کے 91.6 فیصد گھروں میں موبائل فون کا وجود ہے جبکہ ملک کے موبائل
فون صارفین کا 72 فیصد سمارٹ فون استعمال کرتا ہے اور یہ اب گھر گھر کی کہانی بن
چکی ہے کہ لوگ اپنا زیادہ تر وقت ان ڈیوائس کے استعمال میں گزارتے ہیں۔اگرچہ دنیا
بھر میں ٹیلی ویژن صنعت باربار یہ ثابت کرچکی ہے کہ وہ نئی ٹیکنالوجی کے انضمام
اور اپنے صارفین کے بدلتے ہوئے مطالبات دونوں کو اپنانے کے قابل ہے ۔بہت سی دیگر
ٹیکنالوجیز کے برعکس ٹیلویژن دنیا بھر کا رجحان ہے اور اسے ہر شعبہ ہائے زندگی اور
دنیا کے ہر گوشے سے تعلق رکھنے والے افراد کی زندگیوں میں جگہ ملی ہے۔ لیکن اس کے
باوجود موبائل ڈیوائسز کی مدد سے سوشل میڈیا پر لوگوں کی بڑھتی ہوئی توجہ اور
مصروفیت ٹی وی کی صنعت کے لیے ایک بڑا چیلنج بنتی جا رہی ہے۔
ایک پاکستانی
ٹی وی ناظر اپنی زندگی میں کتنا ٹی وی دیکھتا ہے؟
اعدادوشمار
کے مطابق ایک پاکستانی ٹی وی ناظر دن میں اوسطً 2 گھنٹے ٹی وی دیکھتا ہے۔ اس طرح وہ
ایک سال میں 730گھنٹے ٹی وی دیکھنے پر صرف کرتا ہے۔ ورلڈ بینک کے مطابق ایک پاکستانی
کی اوسط عمر67 سال ہے۔ یوں ایک پاکستانی اپنی تمام عمر میں اوسطً 48910 گھنٹے ٹیلی
ویژن دیکھتا ہے۔ 24 گھنٹے ایک دن اور 8760 گھنٹے ایک سال میں ہوتے ہیں۔ اس طرح ملک
میں ایک ٹی وی ناظر اپنی زندگی میں ساڑھے پانچ سال طوالت پر مشتمل عرصہ ٹی وی دیکھنے
پر صرف کرتا ہے۔
ٹیلی ویژن
کی ایجاد
وہ آئیڈیا جسے ہم آج ٹیلی ویژن کے طور پر
جانتے ہیں۔ بنیادی طور پر اس پر بحث کا آغاز تب سے ہی شروع ہوگیا تھا جب امریکی عوام
کے لئے 1870 کے وسط میں ٹیلی فون متعارف ہوا۔ دراصل ٹیلی ویژن کے ابتدائی تصورات یہ
تھے کہ کوئی ایسا طریقہ ہو جس کی بدولت ٹیلی فون پر بات کرنے والے کی صورت دیکھی جاسکے۔
جارج کیری (George
Carey ) نے1876 کے اوائل میں ایک ایسے عمل کے بارے میں سوچا جس کے ذریعے
کسی تصویراور اُس سے وابستہ آواز کو الیکٹرانک سگنلز میں تبدیل کیا جائے پھر ان الیکٹرانک
سگنلزکو ماخذ سے وصول کنندہ کو بھیجا جائے اور برقی اشاروں کو دوبارہ تصویر اور آوازوں
میں تبدیل کیا جاسکے ۔ اُنھوں نے 1879 اور1880 میں سائنٹیفک امریکن میں "seeing by
electricity" کے عنوان سے اس بارے میں لکھا۔25 اگست1900 کو پیرس میں ہونے
والی نمائش میں انٹرنیشنل الیکٹرکسٹی کانگریس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں کنسٹ ینٹین
پارسکی (Constantin
Perskyi ) نے ایک مقالہ پیش کیا جس کا عنوان” ٹیلی ویژن“ تھا ۔ جس میں اُنھوں
نے سیلینیم (selenium)
کی مقناطیسی خصوصیات پر مبنی اپریٹس (apparatus) کے بارے میں بات کی۔ 07 ستمبر1927 کو سان فرانسسکو
امریکہ میں پہلی بار الیکٹرانک ٹیلی ویژن کا کامیابی کے ساتھ مظاہرہ کیا گیا۔ یہ نظام
21 سالہ موجد فیلو ٹیلر فارنس ورتھ (Philo Taylor Farnsworth)نے
تیار کیا تھا۔جو 14 سال کی عمر تک بجلی کے بغیر مکان میں رہائش پذیررہا تھا۔ فارنس
ورتھ ابھی ہائی اسکول میں ہی تھا تو اُس نے ایک ایسے نظام کا تصور کرنا شروع کیا جو
حرکت پذیراشکال(images)
کو ایسی صورت میں گرفت میں لے سکے کہ اِنھیں ریڈیو لہروں کی صورت میں ڈھالا جاسکے اور
پھر اسکرین پر ایک تصویر کی صورت میں دوبارہ تبدیل کیا جا سکے۔ روس میں بورس روسننگ
(Boris
Rosing )نے فارنس ورتھ کی پہلی کامیابی سے 16 سال قبل تصویری ترسیل کے بارے
میں کچھ خام تجربات کیے تھے۔اس کے علاوہ ایک مکینیکل ٹیلیویژن سسٹم جس میں گھومنے والی
ڈسک میں سوراخ کرکے ان سوراخوں پر اشکال چسپاں کی گئی تھیں۔اس ڈسک کو تیزی سے گھمانے
سے سوراخ میں لگی scanned
images حرکت کرتی ہوئی محسوس ہوتیں۔اس کا مظاہرہ انگلینڈ
میں جان لوگی بیرڈ (John Logie Baird) اور امریکہ میں چارلس فرانسس جینکنز(Charles
Francis Jenkins ) نے سن 1920 کی دہائی میں کیا ۔ تاہم فارنس
ورتھ کی ایجادجس میں اشکال ( images )الیکٹرانز کی ایک بیم کی صورت میں scan ہوتیں کوجدید ٹیلی وژن کا براہ راست جد امجد قرار دیا جاتا ہے۔
![]() |
فیلوٹیلرفارنس
ورتھ اپنے ایجاد کردہ ٹی وی سیٹ کے ہمراہ
|
پاکستان
میں ٹی وی کی تاریخ
پاکستان
دنیا کا 52 واں ملک تھا جو ٹی وی نشریات کے نقشہ پر ابھرا ۔یہ 1952 کی بات ہے جب کراچی
ملک کا دارلحکومت تھا۔ برطانوی آفیسرز کی رہائشی بیرکس میں وزارتِ اطلاعات و نشریات
کے انڈر سیکرٹری اپنے اعلیٰ افسران کو ایک فائل پیش کرتے ہیں۔ اس فائل پر Top
Priority یعنی فوری توجہ کا اسٹیکر چسپاں تھا۔ اس فائل میں
ملک میں ٹیلی ویژن کے قیام کی تجویز پیش کی گئی تھی۔ لیکن اعلیٰ افسران ملکی وسائل
میں کمی اور ضروری فنڈز کی عدم دستیابی کے سبب اس تجویز کو رد کر دیتے ہیں۔ 1955 میں
موجودہ سینٹرل جیل کراچی کے قریب میں ہونے والی تیسری بین الاقوامی نمائش کے افتتاح
سے پہلے نمائش کے امریکی پویلین میں5 ستمبر کو ٹی وی کی نشریات پیش کی گیں۔ پاکستان
کے اُس وقت کے قائم مقام گورنر جنرل سکندر مرزا نے16 ستمبر 1955 کوتیسری بین الاقوامی
نمائش کا افتتاح کیا۔ بعد میں اُنھوں نے امریکی پویلین کے ٹی وی اسٹوڈیوز میں تقریر
کرتے ہوئے کہا کہ” میں نے ٹی وی اسٹوڈیوز کا دعوت نامہ اس لیے قبول کیا ہے کہ حکومت
ٹی وی کو پاکستان کے لیے بہت ضروری سمجھتی ہے“۔ اس کے بعد جنرل ایوب خان کے قائم کردہ
قومی تعلیمی کمیشن نے جنوری1960 میں اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کی ۔ اس رپورٹ کے12ویں
باب میں ملک میں جلد از جلد تعلیمی مقاصد کے لیے ٹیلی ویژن کے قیام کی ضروت پر زور
دیا گیا۔ 05 اکتوبر1960 کو وفاقی کابینہ نے ملک میں تعلیمی مقاصد کے لیے ٹی وی کے قیام
کی منظوری دی۔ فروری 1961 میں صدر ایوب خان نے جاپان کا دورہ کیا وہ جاپان میں ٹیلی
ویژن کی ترقی سے بہت متاثر ہوئے۔ اُسی سال دسمبر میں حکومتِ پاکستان کی دعوت پر کولمبو
پلان کے تین جاپانی ماہرین پاکستان آئے اُس وفد نے ملک میں ٹیلی ویژن کے قیام کا تفصیلی
جائزہ لیا۔1962 کے اوائل میں اُنھوں نے اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کی جس میں کہا گیا
کہ پاکستان میں ٹی وی صرف تعلیم تک محدود کرنے کی بجائے عام مقاصد کے لیے متعارف کرایا
جائے۔ اکتوبر1962 میں کراچی میں پی آئی ایف یعنی پاکستان انٹرنیشنل فیئر کے عنوان سے
ایک اور بین الاقوامی نمائش لگائی گئی۔ اس نمائش میں فلپس الیکٹریکل کمپنی آف پاکستان
لمیٹیڈ نے ایک تجرباتی ٹیلی ویژن اسٹیشن قائم کیا۔ پورے شہر میں مختلف مقامات پر200
ٹی وی سیٹس رکھے گئے۔ عوام کی فرمائش پر اُس اسٹیشن کو 31 جنوری1963 تک جاری رکھا گیا۔
اُس زمانے میں حکومتِ پاکستان نے ملک میں ٹیلی ویژن کے قیام کے لیے پیشکش طلب کیں۔
اس سلسلے میں 8 اداروں نے دلچسپی ظاہر کی۔ جس میں تین غیر ملکی ادارے بھی شامل تھے۔
اپریل1964 میں ٹیلی ویژن پلاننگ سیل قائم کیا گیاجو ڈائریکٹر جنرل آف ریڈیو پاکستان
کا ایک جزو تھا۔ 19 جون 1964 کو کولمبو پلان کے تحت حکومتِ جاپان کی ہدایت پر حکومتِ
پاکستان کے تعاون کے لیے جاپان کا ایک وفد پاکستان آیا۔ دو مہینے کی شب و روز محنت
کے بعد پانچ ارکان نے 20 اکتوبر1964 کو ٹیلی ویژن پراجیکٹ اِن پاکستان کے نام سے ایک
رپورٹ حکومتِ پاکستان کو پیش کی۔ یکم مئی1964 کو(Nipon Electric
Company (NEC) of Japan )نے اسلم اظہر کا تقرر پروگرام ڈائریکٹر کی حیثیت
سے کیا۔ اسلم اظہر ریڈیو اور تھیٹر کا وسیع تجربہ رکھتے تھے۔لاہور کا مشہور ثقافتی
مرکز الحمرا جہاں کبھی لاہور آرٹس کونسل کی عمارت تھی۔ یہاں اگست1964 میں کرائے پر
ایک شیڈ حاصل کر کے ٹی وی کا دفتر قائم کیا گیا۔ ریڈیو پاکستان لاہور کی موجودہ عمارت
کے پچھلے حصے میں اسٹوڈیوکی تعمیر شروع کر دی گئی۔ بعد میں اسلم اظہر اور اُن کے ساتھی
بھی آرٹس کو نسل سے یہاں ایک ٹینٹ میں منتقل ہوگئے۔ 26 نومبر1964 ملک میں ٹیلی ویژن
کی پہلی صبح تھی۔ سہ پہر ساڑھے تین بجے افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ صدر ایوب خان نے
ٹیلی ویژن کا افتتاح کیا۔ قاری علی حسین صدیقی کی تلاوت سے نشریات کا آغاز ہوا۔ ذکا
درانی نے پاکستان میں ٹیلی ویژن کی ابتداءسے متعلق معلومات فراہم کیں۔ یہ وہ پہلا چہرہ
تھا جو ٹی وی پر نمودار ہوا۔ اس کے بعد طارق عزیز نے اناﺅنسمنٹ کی
اور پہلی خبریں بھی اُنھوں نے ہی پڑھیں۔ پہلی خاتون اناﺅنسمنٹ کنول
نصیر تھیں۔ پہلا اشتھار جو نشر کیا گیاوہNEC کا تھا جس کا کوئی معاوضہ نہیں
لیا گیا۔ اُس وقت30 سیکنڈ کے اشتھارات کا نرخ35 روپے مقرر کیا گیا۔ابتداءمیں نشریات
کا دورانیہ تین گھنٹے تھا اور پیر کے روز چھٹی ہوتی تھی۔ ریکارڈنگ کی سہولت میسر نہ
ہونے کی وجہ سے تمام پروگرام براہ راست نشر کیے جاتے تھے۔
ماخذ: دستاویزی
پروگرام ” پی ٹی وی کا سفر“ پروڈیوسر: ناظم الدین۔ تحریر: ضیاءالرحمان ضیا
ایک اور حوالے کے مطابق پاکستان
میں ٹیلی ویژن اصل میں نجی شعبہ کاپراجیکٹ تھا 1961 میں ممتاز صنعتکارسید واجد علی
نے جاپان کی نیپون الیکٹرک کمپنی (این ای سی) کے ساتھ مشترکہ منصوبے پر دستخط کیے تھے۔
معروف پاکستانی انجینئر عبید الرحمٰن کو سیدواجد علی نے ٹیلی ویژن منصوبے کی سربراہی
کے لئے مقرر کیا ۔ 1962 تک کئی ایک پائلٹ ٹرانسمیشن ٹیسٹوں کے سلسلے کے بعد 963 1میں
ایوب خان حکومت نے ملک کے وسیع تر قومی مفادمیں اس منصوبے کو اپنے ہاتھ میں لے لیا۔
![]() |
ریڈیو
پاکستان لاہور کے احاطہ میں موجود وہ عمارت جہاں ملک کا سب سے پہلا ٹی وی اسٹیشن قائم
کیا گیا
|
پاکستان
میں نجی شعبہ میں ٹی وی کا آغاز
1988 میں اُس وقت کی حکومت
نے ”پیپلز ٹیلی ویژن نیٹ ورک “(پی ٹی این) کے نام سے ملک کا پہلا نیم سرکاری ٹی وی
نیٹ ورک شالیمار ریکارڈنگ کمپنی کی چھتری تلے شروع کیا۔ بعدازاں پی ٹی این کا نام بدل
کر اسے ”شالیمار ٹیلی ویژن نیٹ ورک“ (ایس ٹی این)کر دیا گیا۔ ایس ٹی این کا آغاز پہلے
اسلام آباد پھر کراچی اور بعد ازاں لاہور سے ہوا۔1990 کے دہائی کے وسط تک اس نیٹ ورک
نے پورے ملک میں وسعت اختیار کر لی۔ ایس ٹی این نے پہلی بار پاکستان میں عام انٹینا
پر سی این این انٹرنیشنل کی نشریات پیش کرنے کا آغاز کیا۔یہ ایس ٹی این کا پہلا منصوبہ
تھا۔ 1990 میں ایک نجی کمپنی کے ساتھ معاہدے کے تحت ایس ٹی این نے پاکستان کا پہلا
نجی ٹی وی چینل ”نیٹ ورک ٹیلی ویژن مارکیٹنگ “(این ٹی ایم) شروع کیا۔یوں این ٹی ایم
اور سی این این کی نشریات پیش کی جانے لگیں جو 1999 تک کامیابی سے جاری رہیں۔
ماخذ: ورلڈ ہیرٹیج انسائیکلوپیڈیا۔
ایک ٹی
وی پروفیشنل
![]() |
فرحان
مشتاق، پی ٹی وی پروڈیوسر
|
فرحان مشتاق گزشتہ 15 سال سے پاکستان ٹیلی
ویژن کے ساتھ بطور پروڈیوسر منسلک ہیں۔ اپنی پیشہ وارانہ زندگی میں اُنھیں ابلاغ عامہ
کے تینوں میڈیم اخبارات، ریڈیو اور ٹیلی ویژن میں کام کرنے کا عملی تجربہ ہے۔ پی ایچ
ڈی اسکالر ہیں۔ ملک میں ٹی وی انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کا علمی اور عملی پہلوﺅں سے تجزیہ
کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ۔ ” پاکستان میں ٹی وی انڈسٹری کو درپیش چیلنجز میں سے سب سے
اہم چیلنج ٹی وی چینلزکی زیادہ تعداد ہے۔ ملک میں سرکاری ٹی وی کے علاوہ اس وقت 80
سے زائد نجی سٹیلائیٹ ٹی وی چینلز کام کر رہے ہیں اور مزید نئے آرہے ہیں۔ ان سب کو
اپنے استحکام اور ترقی کے لیے زیادہ سے زیادہ معاشی وسائل کی ضرورت ہے۔سرکاری ٹی وی
کو چونکہ حکومت ،فیس اور اشتھارات کی مد میں کافی وسائل مہیا ہو جاتے ہیں۔ لیکن نجی
شعبہ کا مکمل انحصار اشتھارات پر ہے۔جس کی ایک محدودمالیت ہے۔ اگرچہ گزشتہ مالی سال
میں پاکستان کے اشتھارات کی مارکیٹ کا 46 فیصد ٹی وی انڈسٹری کو ملا لیکن یہ 38 ارب
روپے ہماری انڈسٹری کے لیے نا کافی ہیں۔ کیونکہ اس مالیت میں سے ایک قابلِ ذکر حصہ
دو تین بڑے چینلز لے جاتے ہیں۔ جبکہ باقی ماندہ چینلز جو مارکیٹ میں ظاہری بات ہے آئے
تھے پیسہ کمانے کے لیے اپنی جمع پونجی لگانے کے بعد اب خصارے کا شکار ہیں۔ یعنی انڈسٹری
میں زیادہ آبادی اور کم وسائل والی صورت حال کا ہمیں سامنا ہے۔ ٹی وی پروڈکشن چاہے
وہ نیوز ہو یا تفریحی پروگرامز ایک مہنگا کام ہے۔ جس کے لیے وافر معاشی وسائل کی تسلسل
کے ساتھ ضرورت رہتی ہے۔لیکن جب ایک کھیت پر انحصار کرنے والے بڑھ جائیں تو پھر پیٹ
کسی کا نہیں بھرتا اور جن کے بال بچے زیادہ ہوں یعنی جو زیادہ بڑے سیٹ اپ کے حامل ہوں
اُن کے اخراجات بھی زیادہ ہوتے ہیں۔ اُنھیں وسائل
کا زیادہ حصہ مہیا کرنے کے باوجود بھی وہ معاشی تنگی کا شکار رہتے ہیں۔ کہنا یہ ہے
کہ جب آپ کے اشتھارات کی مارکیٹ محدود مالیت کی ہے تو پھر اتنے زیادہ ٹی وی لائسنسز
جاری نہیں کرنے چاہیئے تھے۔ اور ستم ظریفی یہ ہے کہ ابھی اور نئے چینلز مارکیٹ میں
آر ہے ہیں۔اب ایسی صورت حال میں انڈسٹری پر کیا اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ یہ ایک تکلیف
دہ حقیقت ہے۔ جس کا ایک طرف تو ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ خصوصاً نیوز چینلز سے متعلقہ
ہنر مندوں، ماہرین اور پروفیشنلز کو سامنا ہے تو دوسری جانب ناظرین کو بھی۔ آمدن /
معاشی وسائل میں کمی کا براہ راست پہلا اثر چینلز سے وابستہ افرادی قوت کے معاوضوں
کی تاخیر سے ادائیگی پھر کمی اورآخر میں عدم ادائیگی کے بعد روزگار سے چھٹی پر منتج
ہوتا ہے۔اور یہ وہ بحرانی کیفیت جس سے ہمارے نجی ٹی وی چینلز اس وقت گذر رہے ہیں۔ اس
کے علاوہ چند چینلز نے بعض افراد کو خطیرمعاوضوں کی ادائیگی کا جو ٹرینڈ متعارف کرایا
وہ آج خود اُن کے گلے کی ہڈی بن چکا ہے۔ اس روایت نے دیگر ٹی وی ملازمین کو احساس کمتری
کا شکار کیا ہے اورخاص کر اخبار ی کارکنوں کو بھی۔ کیونکہ اکثر اخبارات اور ٹی وی چینلز
ایک ہی فرد کی ملکیت میں ہیں لیکن ٹی وی اور اخبارات میں معاوضوں کا واضح فرق موجود
ہے۔دوسری جانب ٹی وی چینلز کے پاس اگرمالی وسائل کی کمی ہوگی تو اِس کابلآخر اثر اس
کے مندرجات پر بھی پڑے گااوروہ غیر معیاری سب اسٹینڈرڈ مندرجات پیش کرنے لگے گا۔ اگر
نیوز چینل ہے تو وہ ڈیسک اسٹوریز تک محدود ہو کر صرف خبر یں پیش کرنے والا چینل بن
جائے گا نہ کے خبر حاصل کرنے اور بنانے والا۔اسی طرح اگر تفریحی چینل ہے تو وہ نشرر
مکرر اور سستے غیر ملکی مواد کو پیش کرنا شروع کر دے گا۔ یا پھر وہ ایسے مندرجات بنانے
کی کوشش کرے گا جو اشتھاری کمپنیوں کی ڈیمانڈ ہو۔ کیونکہ معیاری مندرجات بنانے کے لیے
اُس کے پاس مالی وسائل نہیں۔یوں اس تمام صورتحال کا براہ راست اثر ناظرین پر پڑتا ہے۔اس
کے علاوہ ہمارے ہاں بعض بڑے چینلز کے مابین پیشہ ورانہ مسابقت کی بجائے کاروباری مسابقت
کی روش بھی موجود ہے۔ جس میں ایک دوسرے کی کمزوریوں اور خامیوں کو اپنے چینلز پر اجاگر
کر کے ایک دوسرے کی ویور شپ اور ساکھ کو متاثر کرنے کی بھرپور کوشش کی جاتی ہے۔ جس
سے ہماری ٹی وی انڈسٹری کاایساتاثر ابھرتا ہے جو بحیثیت مجموعی انڈسٹری کے لیے شرمندگی
کا باعث بنتا ہے۔
دنیا بھر میں ٹی وی انڈسٹری
کو مالی وسائل اشتھارات سے حاصل ہوتے ہیں۔ اور یہ اشتھارات زیادہ تر چینلز کی ویور
شپ اور پروگراموں کی ریٹنگ کی بنیاد پر دیئے جاتے ہیں۔ کوئی چینل کتنا دیکھا جاتا ہے
اُس کے پروگراموں کی کیا ریٹنگ ہے اس تمام تر کا انحصار ٹی وی نشریات کی ناظرین تک
زیادہ سے زیادہ پہنچ پر منحصرہے۔ہمارے شہروں میں اگر چہ عام ٹی وی انٹینا اور ڈش انٹینا
کے ذریعے بھی ٹی وی دیکھا جاسکتا ہے۔لیکن زیادہ تر کیبل کے ذریعے ٹی وی کی نشریات ناظرین
تک پہنچتی ہے جس کا تناسب 96 فیصد ہے۔ اس کی بنیادی وجہ تقریباً تمام پاکستانی چینلز
اور کچھ غیر ملکی چینلز کا اس ایک سہولت میں اکٹھا ملنا ہے۔ جبکہ دیہات جہاں ابھی بھی ہماری آبادی کا آدھے سے زائد حصہ رہائش پذیر
ہے وہاں ٹی وی کی نشریات کیبل سسٹم کے علاوہ عام انٹینا اور ڈش انٹینا کے ذریعے بھی
دیکھی جاتی ہیں۔دیہی علاقوں میں ناظرین کا 39 فیصد عام انٹینا کے ذریعے 15 فیصد ڈش
انٹینا اور 45 فیصدکیبل کے ذریعے ٹی وی دیکھتا ہے۔عام انٹینا پرپی ٹی وی اور اے ٹی
وی کی نشریات دیکھی جاسکتی ہیں۔ جبکہ ڈیش انٹینا پر اس طرح کی کوئی قید نہیں لیکن تمام
پاکستانی چینلز بھی ایک ڈش انٹینا پر نہیں دیکھے جاسکتے۔ کیونکہ کوئی کس سمت ہے تو
کوئی کس سمت۔ یوں ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ دیہات کے آدھے سے زائد ناظرین کو کیبل سسٹم
کی سہولت میسر نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے تمام نجی چینلز کو دیہی ناظرین کی ایک بڑی تعداد
تک رسائی حاصل نہیں تو غلط نہ ہوگا۔ دوسری جانب ملک میں موجود کیبل سسٹم جس کے شروع
کے چینلز کی کوالٹی تو شاندار ہوتی ہے لیکن جیسے جیسے آپ آگے بڑھتے جاتے ہیں۔ نشریاتی
کوالٹی میں تنزلی آنا شروع ہوجاتی ہے۔شاید ہی کوئی ایسا کیبل نیٹ ورک ہو جس کے پہلے
نمبر پر نشر ہونے والے چینلز کی نشریاتی کوالٹی اور آخری نمبر ز پر آنے والے چینل کی
کوالٹی یکساں ہو۔ یعنی ہمارے اکثر کیبل سسٹم میں یہ صلاحیت ہی نہیں کہ وہ بیک وقت یکساں
کوالٹی کے حامل 100 یا اس سے زائد چینل پیش کر سکیں (اب کچھ کیبل نیٹ ورکس ڈیجیٹل بکس
کے ذریعے چینلز کی یکساں کوالٹی میں فراہمی کا دعویٰ کر رہے ہیں)۔اس طرح کی صورتحال
کی موجودگی اپنی جگہ لیکن اس کے ساتھ ساتھ کیبل آپریٹر کسی چینل کی ویور شپ کو کم یا
زیادہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ جب ایک چینل کو کیبل کے ایسے نمبر پر رکھا
جائے جہاں اُس کی نشریاتی کوالٹی اچھی ہو اور ناظرین کو فوراً وہ چینل مل جائے تو ایسی
صورت میں چینل کی ویور شپ بڑھتی ہے۔ بانسبت کسی چینل کو ایسے نمبرپر رکھا جائے یا منتقل
کر دیا جائے جہاں نشریاتی کوالٹی بھی کمزور ہو اور لوگ اُس نمبر تک جاتے ہی نا ہوں
یا کم جاتے ہیں تو ویور شپ کیسے بڑھے گی اور اگر چینل کو اوپر کے نمبرز سے نیچے کی
طرف شفٹ کیا گیا ہے تو اُس کی موجودہ ویور شپ بھی گئی۔ پھر ایسی صورتحال میں اشتھار
کون دے گا؟
یعنی ٹی وی انڈسٹری کو ایک بڑا چیلنج ویور
شپ کے حوالے سے بھی ہے۔ اگرچہ لوگ آج بھی ٹی وی بڑے ذوق و شوق سے دیکھتے ہیں۔ لیکن
یہ ایک حقیقت ہے کہ ناظرین جتنا وقت پہلے ٹی وی دیکھنے پر صرف کرتے تھے اب اس میں کمی
آرہی ہے۔ اس کا اندازہ ان اعداوشمار سے با خوبی لگا یا جا سکتا ہے کہ 2008 میں پاکستان
میں ایک ناظر اوسطً 162 منٹ روزانہ ٹی وی دیکھتا تھا جو اب کم ہوکر117 منٹ ہو چکا ہے۔
اس کی دو بڑی وجوہات ہیں۔ ایک تو ہمارے تفریحی چینلز کے پروگراموں میں نئے آئیڈیا ز،
موضوعات اور مندرجات میں تنوع کی کمی ہے۔ تو دوسری جانب اکثر نیوز چینلز کا کسی ایک
خاص طرف جھکاﺅ اور عوامی
مسائل کی بجائے سیاسی موضوعات،شخصی اور پارٹی پروپگینڈے کا آلہ کار بننا ہے۔ جس سے
کافی نیوز چینلز کی Credibility عوام میں متاثر ہوئی ہے۔دوسری بڑی وجہ موبائل ٹیکنالوجی
اور انٹرنیٹ نے ٹی وی ویور شپ کے معنی بدل کر رکھ دیئے ہیں۔آج پروگرام اَن ڈیمانڈ کا
رواج زور پکڑ رہاہے۔ لوگ اپنی پسند کا پروگرام اپنی سہولت کے مطابق مختلف ڈیوائسز اور
انٹر نیٹ کی مدد سے کبھی بھی اور کہیں بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اب ٹی وی سیٹ بھی انٹرنیٹ
سے جڑنے کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ ان سب نے لائیو ٹی وی ویور شپ کو متاثر کرنا شروع
کردیا ہے۔ علاوہ ازیں موبائل ٹیکنالوجی کے ذریعے سوشل میڈیا کو بڑھتا ہو ا استعمال
ٹی وی ویور شپ کے لیے مستقبل میں سب سے بڑا چیلنج بن جائے گا۔ اوراس نے اپنے اثرات
دیکھانا بھی شروع کر دیئے ہیں۔ماہرین اب اس بارے میں مختلف پیش گوئیاں کر رہے ہیں کہ مستقبل میں ٹی وی اسکرین کے سامنے بیٹھنے کے لیے شاید
لوگوں کے پاس وقت نہ رہے ۔ ٹی وی انڈسٹری میں ایک اور چیلنج پروڈکشن تکنیک میں
تبدیلیوں کا بھی ہے۔ یہ اتنا بڑا محرک ہے کہ پاکستان میں ایکسویں صدی کے آغاز میں مختلف
چینلز نے نئی پروڈکشن ٹیکنالوجی کے ساتھ جب اپنے سفر کا آغاز کیا تو پہلے سے موجود
پی ٹی وی جس کی بالادستی کئی عشروں سے موجود تھی۔ وہ عضو معطل ہوتا چلا گیا۔ کیونکہ
وہ بوجوہ خود کو نئی پروڈکشن ٹیکنالوجی سے آراستہ نہ کرسکا تھا۔ دوسری طرف نئے چینلز
نے جو پروڈکشن ٹیکنالوجی بالخصوص ڈرامہ کے میدان میں استعمال کیں وہ فلم تکنیک سے متاثر
تھیں۔ فلم کی پروڈکشن تکنیک ٹی وی کی پروڈکشن تکنیک سے مختلف ہونے کی وجہ سے اثر پذیری
بھی مختلف رکھتی ہے۔ بی بی سی آج بھی ڈرامہ، ٹاک شو، ڈاکومینٹری میں بالخصوص روایتی
ٹی وی پروڈکشن تکنیک پر عمل کرتا ہے۔ فلم کی پروڈکشن سنگل کیمرہ ریکارڈنگ کے گرد گھومتی
ہے اور ٹی وی پروڈکشن تکنیک اسٹوڈیو، لائٹس اور ملٹی پل کیمرہ ریکارڈنگ کے گرد گھومتی
ہے۔ اس کے علاوہ فارمیٹ کے فرق کو گڈمڈ کرنا بھی ٹی وی سکرین کے زوال کا باعث بن رہا
ہے۔ اُس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ پرائیویٹ چینلز پر کام کرنے والا تخلیقی اور تکنیکی
عملہ کسی تربیت اور کسی اسکول آف تھاٹ کا پیروکار ہوئے بغیراپنی مرضی سے پروڈکشن کررہا
ہے۔ جبکہ پی ٹی وی سمیت دنیا کے تمام پروڈکشن ہاﺅسز میں ہر فارمیٹ کی شارٹ گرائمر باقاعدہ فالو کرائی جاتی ہے۔
“
ایک میڈیا
اکیڈمک پروفیشنل
![]() |
ڈاکٹر
زاہد بلال، چیئرمین شعبہ ابلاغیات، اوکاڑہ یونیورسٹی
|
ڈاکٹر
زاہد بلال میڈیا اسٹڈیز کے ایک معتبر نام ہیں ۔ اوکاڑہ یو نیورسٹی میں شعبہ ابلاغیات
کے قیام کا اعزاز انھیں حاصل ہے ۔ آپ شعبہ ہذا کے بانی چیئرمین ہیں۔ براڈکاسٹ میڈیا
اُن کی specialty ہے۔ ملک کی دو جامعات( پنجاب یونیورسٹی اور گجرات یو نیورسٹی) میں ریڈیو
اسٹیشنز بنانے اور چلانے کا عملی تجربہ رکھتے ہیں۔اس کے علاوہ امریکہ کی University
of Oklahoma اور گجرات یونیورسٹی کے سینٹر فارمیڈیا اینڈ کمیونیکشن
اسٹڈیز کے فیکلٹی اینڈ اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام کے کوارڈینیٹر رہ چکے ہیں اس پروگرام
کے تحت جامعہ گجرات میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹی وی اسٹوڈیو بھی قائم ہوا۔ ملک کے سرکاری
اور پرائیویٹ ٹی وی چینلز کے مندرجات ان کی تحقیقی سرگرمیوں کا بنیادی موضوع ہوتے ہیں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر صاحب کا کہنا ہے کہ ” نجی ٹی وی چینلز کی مش روم گروتھ سے قبل سرکاری
ٹی وی کو کسی قسم کا مقابلہ درپیش نہیں تھا۔ اس پر نشر ہونیوالے خبر نامے اور حالات
حاضرہ کے پروگراموں کو ایک بہت سخت مرکزیت کے حامل مختلف سطحوں کے نظام سے گزرنا پڑتا
تھا۔ جسکی وجہ سے یہ جمود کا شکار تھے۔ پرائیویٹ ٹی وی چینلز کے آنے سے صحت مندانہ
مقابلے کی فضا پیدا ہوئی۔ اور کسی حد تک خبری نظام کا ڈھانچہ جمود کی حدود کو پھلانگنے
میں کامیاب ہوا ۔ ناظرین کو متنوع اور متحرک خبرمانہ اور حالاتِ حاضرہ کے پروگرام دیکھنے
کو ملے۔ شروع شروع میں تو یہ تحرک ناظرین کو بہت بھایا اور راس بھی آیا۔ کیونکہ اس
نے معلومات تک رسائی کو ممکن بنایا مگر ڈیڑھ عشرے کی آزادی کے بعد یہ رجحان بھی جمود
کا شکار ہوگیا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ خبروں کے مندرجات صرف سیاسی مسائل کی ایک
خاص سمت ہی کو مدنظر رکھتے ہیں۔ جبکہ سیاسی مسائل بھی صرف سطحی طور پر پارٹی رہنماﺅں کی سرگرمیوں
تک محدود رہتے ہیں۔ معاشرتی مسائل کے مندرجات کی رپورٹنگ بہت کم ہوتی ہے۔ چینلز کی
اس یک رخی کوریج کی وجہ سے ناظرین بوریت کا شکار ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب خبروں کا رجحان
صرف چند بڑے شہروں اور اشرفیہ کی طرف زیادہ رہتا ہے۔ جبکہ مضافات اور علاقائی خبروں
کی چینلز میں یا تو بالکل ہی کوریج نہیں دی جاتی اور اگر کچھ ٹی وی چینلزایسا کرتے
ہیں تو اس کا تناسب ناقابلِ ذکر حد تک کم ہوتا ہے۔ چینلز علاقائی صحافت کو ترقی دینے
میں بالکل دلچسپی نہیں رکھتے۔ مضافات میں موجود رپورٹرز کو تنخواہیں نہیں دی جاتیں
جسکی وجہ سے معیاری کوریج نہیں ہو پاتی۔ خبروں کی پیشکش کے انداز میں بھی چینلز ایک
خاص روائتی انداز اپنائے ہوئے ہیں۔ ٹی وی بنیادی طور پر بصری میڈیم ہے جس پر جاندار
اور متحرک ویڈیوز پر زیادہ فوکس ہونا چاہیئے۔ جبکہ ہمارے ہاں اسکرپٹ کی طوالت بہت زیادہ
ہوتی ہے اور reading
effect جابجا خبروں ، رپورٹس اور پیکجز میں محسوس ہوتا ہے۔
یوں لگتا ہے کہ ہمارے چینلز اخبارات اور ریڈیو کے میڈیم کا اطلاق ٹی وی پر کر رہے ہیں۔
اگر ہمارے چینلز کم الفاظ اور زیادہ بصری مواد کو پیش نظر رکھیں تو ویڈیو شوٹ اور ویڈیو
گرافی کے انداز اور فریمنگ کی مختلف جہتیں اسے متحرک خبر نامہ بنا سکتے ہیں۔ خبروں
کے مندرجات میں کاپی ایڈیٹر، رپورٹر اور ویڈیو ایڈیٹرز کی محنت کم نظر آتی ہے ۔ اکثر
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ صرف خبروں کا پیٹ بھرنے کے لیے معمول کے فارمولے پر خبر نامہ
تیار کروایا جاتا ہے۔ ایسا اس لیے ہو رہا ہے کہ پرائیویٹ ٹی وی چینلز filters کی مختلف layers بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتے
کیونکہ اس کے لیے ایک بڑی ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان دنوں چینلز میں بہت سی شفٹیں ختم
کی جارہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ چند لوگ جب سارے کام سر انجام دیں گے تو تنوع مفقود ہو
جائے گا۔ ٹاک شوز میں اینکر پرسن لگے بندھے انداز میں موضوع کی تیاری کئے بغیر پروگرام
کرتے ہیں۔ جسکی وجہ سے ناظرین ان سے مایوس ہوتے جارہے ہیں۔ ہمارامیڈیا لوگوں کے معیار
کو آہستہ آہستہ بڑھانے کی بجائے خود عام لوگوں کی سطح پر آگیا ہے۔ ایک خاص انداز میں
ایک ہی موضوع کو باربار رگیدا جائے تو ناظرین کی دلچسپی کیونکر برقرار رکھی جاسکتی
ہے۔ہمارے ہاں ترقیاتی صحافت کو بھی بالکل نظر انداز کیا جارہا ہے۔ اگر ہمارے چینلز
اس پر توجہ کریں تو ناظرین کی دلچسپی بڑھائی جا سکتی ہے“۔ ٹی وی چینلز کے تفریحی مندرجات
کے حوالے سے ڈاکٹر زاہد بلال کا کہنا ہے۔ ” ہمارے ٹی وی چینلز کے تفریحی پروگرام خبروں
سے کافی حد تک بہتر قرار دیئے جاسکتے ہیں۔ تاہم اس میں بھی ہمارے ڈرامے اور مارننگ
شوزایک خاص موضوع اور فارمیٹ تک محدود ہو گئے ہیں۔ جسکی وجہ سے وہ ناظرین کی ضرورتوں
کو وہ صرف جزوی طور پر ہی پورا کر رہے ہیں۔ حالیہ سالوں میں جب پاکستانی ڈرامہ متنوع
موضوعات، اچھے اسکرپٹ ، بہترین کہانی اور جدید پروڈکشن کے ساتھ سامنے آیا تو وہ انڈین
چینلز کے سحر کو توڑنے میں کامیاب ہوا۔ لیکن اب اکثرموضوعات محبت، رقابت اور extra
marital affairs کے گرد گھومتے ہیں ۔ان ڈراموں میں اکثر ایسے سینز
یا زبان استعمال کی جاتی ہے جو اس قابل نہیں ہوتے کہ آپ اپنی فیملی کے ہمراہ اُنھیں
دیکھ سکیں۔ اس حوالے سے دسمبر2017 میں ہونے والاگیلپ پاکستان کا ایک ملک گیر سروے یہ
بتاتا ہے کہ 67 فیصد پاکستانیوں نے یہ بات محسوس کرنے کا اظہار کیا کہ ٹی وی کا کوئی
مخصوص پروگرام/ ڈرامہ اہل خانہ کے ساتھ بیٹھ کر دیکھنے کے قابل نہیں ہوتا۔اگرچہ مارننگ
شوز خواتین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب تو ہوئے ہیں مگر معیار کی بات کی جائے تو
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ بھی روایتی فارمولا کے تحت سطحیت کا شکار ہو گئے ہیں۔ اسکرپٹ
اور فارمیٹ پر محنت کی جائے تو یہ بہت کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈرامہ اور مارننگ
شوز صرف 20 سے50 سال تک کی آڈیینس کے لیے ہوتے ہیں۔ بزرگوں اور بچوں کے لیے اچھے تفریحی
پروگرام کی ٹی وی چینلز پر شدید کمی ہے۔ بچوں کے لیے کوئی قابلِ ذکر پروگرام ھمارے
چینلز پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں“۔ٹی وی چینلز کے ضابطہ اخلاق پر عملدارآمد کے حوالے
سے ڈاکٹر صاحب کا کہنا ہے کہ ” ماضی کی نسبت خبروں میں ضابطہ اخلاق پر بہتر طور پر
عمل ہورہا ہے۔ چینلز نے ممنوعہ ویڈیوز کو دھندلا نا شروع کر دیا ہے۔ بریکنگ نیوز کا
ٹرینڈ بھی کم ہوا ہے۔ ٹاک شوز اور تفریحی پروگراموں کی بات کی جائے تو ضابطہ اخلاق
کا اطلاق بہت ڈھیلا محسوس ہوتا ہے۔ دوسری جانب ہمارے چینلز رضاکارانہ طور پر خود کے
ضابطہ اخلاق کو کسی حد تک تو استعمال میں لاتے ہیں مگر ہمارے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد
کروانے والے اداروں کی غیر سنجیدگی سے اسکے اطلاق میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی نہیں دیکھی
گئی“۔ ہمارے ٹی وی چینلز اپنے مندرجات میں سماجی ذمہ داری کا کتنا خیال رکھتے ہیں ؟اس
سوال کے جواب میں ڈاکٹر زاہد بلال کا کہنا ہے کہ ” سماجی ذمہ داری کا خیال رکھنے کے
لیے ایک مضبوط ادارتی ٹیم کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ گیٹ کیپنگ کے ذریعے filters کو استعمال کرسکے۔ یہ بہت سنجیدہ اور محنت طلب کام ہے جس کے لیے بہت تجربہ
کار لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمارے چینلز ایسی تجربہ کار ٹیم پرInvest کرنا مناسب خیال نہیں کرتے۔ جس کی وجہ سے ہمارے چینلز اپنی سماجی ذمہ داریوں
سے عہدہ براہ نہیں ہو پارہے “۔ ٹی وی چینلز کو درپیش چلنجز اور ان کے حل کے حوالے سے
ڈاکٹر صاحب کہتے ہیں کہ ” آئی ٹی ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کی نفوذ پزیری کی وجہ سے
ٹی وی چینلز کی حرکیات کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں۔ اس پوسٹ ماڈرن اور پوسٹ ٹرتھ دور
نے ٹی وی کے genere اور فارمیٹ کی حدود ہی کو دھندلا کر دیا ہے۔ یورپ
اور امریکہ ان ادوار کی ضروریات کے پیش نظر ان پابندیوں سے آزاد ہو کر ناظرین کو اپنی
طرف مائل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ امریکی طرز پر جب ہمارے چینلز نے پولیٹیکل کامیڈی
کے پروگرام شروع کیئے تو اس جدت اور اختراع کوبہت پزیرائی ملی۔ ٹی وی چینلز کو بہت
سرعت اور تسلسل کے ساتھ نئے فارمیٹ کو آزمانا چاہئیے تا کہ ورچوئل ریئیلٹی اور cloud کی دنیا سے واقفیت حاصل کرچکی سمارٹ آڈیئنس کو اپنی طرف راغب کیا جا سکے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بہت ہی انفرادی سطح پر جا کر اپنے یوزرز کو معلومات
اور تفریح مہیا کرتے ہیں۔ ٹی وی کے لیے آڈیئینس کی تہہ بہ تہہ درجہ بندی بہت بڑا چیلنج
ہے۔ اس چیلنج سے نبرد آزما ہونے کے لیے چینلز کو مجموعی طور پر اپنا اسپیشلائیزڈفوکس
ڈھونڈنا چاہئیے جو کہ اسکی پہچان بن جائے۔ چینلز اپنی نشریات کے مندرجات کی بہت اچھی
segmentation کر کہ بھی لوگوں کو مشغول کر سکتے ہیں۔اب لوگوں کے سوچنے، سمجھنے کی صلاحیتں
اور جمالیاتی ذوق globalized ہو چکا ہے۔ ایک ہی سین اور
فوٹیج بار بار نہیں چلائی جا سکتی۔ ہر لحظہ ایک جاندار ، متحرک، اور انسانی ذہن کی
فریکوئنسی سے ہم آہنگ بصری مواد کو تمام تر جدید تکنیکی اختراعوں سے لیس ہونا چاہئیے۔
پھر کہیں جاکر وہ ٹی وی ویورشپ کو اعتماد میں لے سکتا ہے۔ بچوں اور teenagers کے لیے پروگرامنگ ٹی وی کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے۔اس سلسلے میں ہمارے میڈیا
مینجرز کو افریقی اور ترکی ماڈل سے سیکھنے کی ضرورت جنکے ڈرامے،کارٹونز اور دوسرے پروگرام
بچوں اور نوجوانوں کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب رہے ہیں“۔





